نئی دہلی،7/مئی (ایس او نیوزآئی این ایس انڈیا)آئی پی ایل سیشن 10کے تحت دہلی ڈیئر ڈیولس اور ممبئی انڈینس کے درمیان ہفتہ کا میچ دلچسپ ہونے کی امید لگائی جا رہی تھی۔اس امید کے پیچھے وجہ بھی تھی۔نوجوان بلے بازوں پر مشتمل دہلی کی ٹیم نے گزشتہ دو میچوں میں شاندارکاکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔لیکن، فیروز شاہ کوٹلہ میدان پر موجود سامعین کی یہ امید پوری نہیں ہو سکی۔دہلی کے بلے بازوں نے تقریبا شرمناک طریقے سے ممبئی انڈینس کے گیند بازوں کے آگے گھٹنے ٹیک دئے، ممبئی کے 212رنوں کے اسکور کا تعاقب کرتے ہوئے دہلی کی ٹیم 13.4اوور میں محض 66ر ن بنا کر آؤٹ ہو گئی، میچ میں ظہیر خان کی قیادت والی ٹیم کو 146رنوں کی کراری شکست کاسامنا کرناپڑا۔دہلی کی دعوت پر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ممبئی انڈینس نے لینڈل سیمنس کے 66اور کیرن پولارڈ کے 63رنوں کی بدولت 20اوور میں تین وکٹ کے نقصان پر 212رن بنایا۔جواب میں دہلی کی وکٹ تاش کے پتوں کی طرح گرتی رہی۔شروع کے آٹھ اووروں میں ہی ٹیم کے چھ بلے باز آؤٹ ہو چکے تھے۔14ویں اوور تک پہنچتے پہنچتے پوری ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔دہلی کے لیے کرون نائر نے سب سے زیادہ 21رن بنایا۔ان کے علاوہ کوری اینڈرسن (10)اور پیٹ کمنس (10)ہی ڈبل ہندسہ تک پہنچ پائے۔گزشتہ میچ کے ہیرو رشبھ پنت اور سنجو سیمسن تو اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول پائے۔ممبئی کے لیے 43گیند وں پر 66رن کی اننگ کھیلنے والے لینڈل سیمنس کو مین آف دی میچ منتخب کیا گیا۔آج کی اس جیت کے ساتھ ممبئی انڈینس کے 11میچوں میں 9جیت کے ساتھ 18پوائنٹس ہو گئے ہیں،جبکہ دہلی پلے آف سے تقریبا باہر ہو گئی ہے، دہلی کے کھاتے میں ابھی تک 11میچوں میں صرف چار جیت ہے اور یہ ٹیم 8پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔